انمول عرف پنکی کیس ہائی پروفائل قرار، موبائل فرانزک سے اہم انکشافات کا امکان

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سابق آئی جی سندھ افضل شگری نے مبینہ منشیات کیس میں گرفتار انمول عرف پنکی کے مقدمے کو انتہائی حساس اور ہائی پروفائل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موبائل فون کے فرانزک آڈٹ سے تمام روابط اور نیٹ ورک سامنے آ سکتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سابق آئی جی سندھ نے کہا کہ اس کیس میں پولیس اور منشیات فروشوں کے درمیان ممکنہ “کالی بھیڑوں” کے کردار کی مکمل اور شفاف تحقیقات ناگزیر ہیں۔ ان کے مطابق منشیات کا نیٹ ورک معاشرے کو تباہ کر رہا ہے اور اس کی پشت پناہی کرنے والے عناصر کو بے نقاب کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملزمہ کے موبائل فون کا فرانزک آڈٹ کیا جائے تو اس کے پسِ پردہ روابط، مالی لین دین اور پورے نیٹ ورک کا سراغ لگایا جا سکتا ہے۔افضل شگری نے مزید کہا کہ اس کیس میں صرف منشیات ہی نہیں بلکہ مالی ٹرانزیکشنز کی بھی گہرائی سے تفتیش ہونی چاہیے تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ منشیات سے حاصل ہونے والا کالادھن کہاں استعمال ہوا۔

سابق آئی جی سندھ نے عدالت میں ملزمہ کی پیشی کے دوران مبینہ طور پر غیر مناسب انتظامات پر بھی تنقید کی اور کہا کہ اس حوالے سے آئی جی سندھ اور دیگر اعلیٰ حکام کو فوری انکوائری کرنی چاہیے اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران ملزمہ کے پولیس سے ممکنہ تعلقات اور سابقہ مقدمات کی تفتیش میں ہونے والی خامیوں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جانا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے حساس کیسز میں جسمانی ریمانڈ نہ ملنے سے تفتیشی عمل متاثر ہوتا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ تمام پہلوؤں کو سنجیدگی سے دیکھا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں