کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) کمشنر کراچی نے اشیائے ضروریہ خصوصاً دالوں، چاول اور مصالحہ جات کی نئی سرکاری قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق دال ماش، دال مونگ، دال مسور اور چنے سمیت مختلف دالوں کی قیمتیں مقرر کر دی گئی ہیں تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور مارکیٹ میں قیمتوں کو کنٹرول میں رکھا جا سکے۔
اسی طرح باسمتی چاول کی مختلف اقسام کی نئی قیمتیں بھی نافذ کر دی گئی ہیں، جن کا مقصد عوام کو نسبتاً کم نرخوں پر اشیاء کی دستیابی یقینی بنانا ہے۔مصالحہ جات میں مرچ، دھنیا اور ہلدی سمیت دیگر ضروری اجزاء کی قیمتیں بھی سرکاری سطح پر طے کر دی گئی ہیں۔
حکام کے مطابق ہول سیل اور ریٹیل قیمتوں کے درمیان فرق واضح کر دیا گیا ہے، جبکہ دکانداروں کو سرکاری نرخنامہ نمایاں جگہ پر آویزاں کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔کمشنر کراچی نے واضح کیا ہے کہ مقرر کردہ قیمتوں سے زائد وصولی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ خریداری کے دوران سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔


