انمول عرف پنکی کیس، مبینہ پروٹوکول دینے پر معطل پولیس افسران طلب

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) مبینہ کوکین ڈیلر انمول عرف پنکی کو عدالت میں پیشی کے دوران مبینہ طور پر پروٹوکول دینے کے معاملے پر معطل پولیس افسران کو طلب کر لیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق انکوائری کمیٹی کے سربراہ ڈی آئی جی عرفان بلوچ نے ایس ایچ او گارڈن حنیف سیال، ایس آئی او گارڈن سعید اور تفتیشی افسر کو کل طلب کیا ہے۔ تینوں افسران پر الزام ہے کہ انہوں نے ملزمہ کو عدالت میں پیشی کے دوران غیر معمولی سہولیات اور پروٹوکول فراہم کیا۔ڈی آئی جی ویسٹ نے بھی معاملے کی انکوائری کے لیے متعلقہ افسران کو اپنے دفتر میں طلب کر لیا ہے۔

کیس کی سماعت کا احوال
مبینہ کوکین ڈیلر انمول عرف پنکی کے خلاف چار مقدمات کی سماعت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساؤتھ کی عدالت میں ہوئی۔ دورانِ سماعت ریمانڈ کی استدعا پر عدالت نے استفسار کیا کہ جب ملزمہ کو پہلے ہی جیل بھیج دیا گیا تھا تو مزید ریمانڈ کی ضرورت کیوں پیش کی گئی۔
تفتیشی افسران نے عدالت کو بتایا کہ مجسٹریٹ نے درخواست سنے بغیر ملزمہ کو جیل بھیج دیا تھا۔ ان کے مطابق ملزمہ کے خلاف منشیات، اقدامِ قتل اور اسلحہ رکھنے کے مقدمات درج ہیں، جبکہ مزید تفتیش اور مبینہ نیٹ ورک کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے ریمانڈ درکار ہے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ ریمانڈ پیپر میں شواہد کیوں پیش نہیں کیے گئے، تاہم تفتیشی افسران اس پر تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔
بعدازاں عدالت نے نظرثانی درخواست منظور کرتے ہوئے ملزمہ کو 15 مئی تک پولیس کے حوالے کر دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں