کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سعودیہ ایئرلائن نے پاکستان سمیت دنیا بھر سے حج کے لیے سفر کرنے والے عازمین کے لیے اپنی منفرد “حج بغیر سامان” سروس کے دائرہ کار میں مزید توسیع کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق یہ سروس 2026 کے حج سیزن کے دوران پاکستان سمیت 145 مختلف مقامات کے نیٹ ورک سے سفر کرنے والے تقریباً 4 لاکھ حجاج کو سہولت فراہم کرے گی۔
یہ سروس وزارت حج و عمرہ کی مطارات ہولڈنگ کے ساتھ اسٹریٹجک تعاون، اور Nusuk پلیٹ فارم اور HalaBag کے مکمل ڈیجیٹل انضمام کے ذریعے فراہم کی جا رہی ہے۔ اس کا مقصد حج کے دوران سفری اور سامان سے متعلق انتظامات کو زیادہ آسان اور مؤثر بنانا ہے۔
سعودیہ ایئرلائن کے مطابق یہ نظام جدید ٹیکنالوجی پر مبنی حل فراہم کرتا ہے جو طریقہ کار کو بہتر بناتے ہوئے حجاج کے سفر کو آمد سے روانگی تک بغیر کسی رکاوٹ کے ہموار بناتا ہے۔
اس سروس کے تحت مسافروں کو سامان کی ہینڈلنگ کے جھنجھٹ سے نجات ملتی ہے۔ Nusuk پلیٹ فارم کے ذریعے حجاج کے تصدیق شدہ ڈیٹا سے خودکار طور پر سامان کا ریکارڈ تیار کیا جاتا ہے، جبکہ HalaBag سسٹم ہر بیگ کو بارکوڈ کے ذریعے اس کے مالک سے منسلک کر کے ریئل ٹائم ٹریکنگ اور تیز شناخت کو یقینی بناتا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ یہ اقدام خاص طور پر پاکستان سے سفر کرنے والے حجاج کے لیے فائدہ مند ہوگا، کیونکہ اس سے ائیرپورٹس پر رش میں کمی آئے گی اور سفر کے دوران سہولت اور آرام میں اضافہ ہوگا۔سعودیہ ایئرلائن کے مطابق یہ نظام حج سروسز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور سعودی وژن 2030 کے اہداف کے مطابق سہولیات کو بہتر بنانے کی ایک اہم پیش رفت ہے، جس میں مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل سلوشنز کے ذریعے پورے سفری عمل کو مزید آسان بنایا جا رہا ہے۔


