متحدہ عرب امارات، بنگلہ دیش اور پاکستان میں عیدالاضحیٰ کی تعطیلات اور ممکنہ تاریخوں کا اعلان

دبئی / ڈھاکہ / اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)مختلف ممالک میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر سرکاری تعطیلات اور فلکیاتی پیش گوئیاں سامنے آ گئی ہیں۔متحدہ عرب امارات میں وفاقی اتھارٹی برائے سرکاری انسانی وسائل نے اعلان کیا ہے کہ پبلک سیکٹر کے ملازمین کو یومِ عرفہ اور عیدالاضحیٰ کے موقع پر پانچ روزہ تعطیلات دی جائیں گی۔ تعطیلات کا سلسلہ 25 مئی سے 29 مئی تک جاری رہے گا، جبکہ دفاتر یکم جون کو دوبارہ کھلیں گے۔

دوسری جانب بنگلہ دیش حکومت نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر 7 روزہ تعطیلات کا اعلان کیا ہے، جو 25 مئی سے 31 مئی تک جاری رہیں گی۔ تعطیلات کے باعث 23 مئی کی ہفتہ وار چھٹی منسوخ کر دی گئی ہے تاکہ سرکاری امور متاثر نہ ہوں، جبکہ دفاتر 23 اور 24 مئی کو معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔

ادھر پاکستان میں ذوالحج 1447 ہجری کے چاند اور عیدالاضحیٰ کے حوالے سے سپارکو کی فلکیاتی پیش گوئی بھی سامنے آئی ہے۔ ادارے کے مطابق نیا چاند 17 مئی 2026 کو رات 1 بج کر 1 منٹ پر پیدا ہوگا، جبکہ چاند کی عمر تقریباً 18 گھنٹے 30 منٹ ہوگی۔سپارکو کے مطابق پاکستان کے ساحلی علاقوں میں غروبِ آفتاب اور غروبِ ماہتاب کے درمیان تقریباً ایک گھنٹے کا وقفہ متوقع ہے، جس کے باعث چاند نظر آنے کے امکانات موجود ہیں۔ فلکیاتی اندازوں کے مطابق یکم ذوالحج 18 مئی 2026 کو ہونے کا امکان ہے جبکہ عیدالاضحیٰ 27 مئی 2026 کو منائی جا سکتی ہے۔

ادارے نے واضح کیا ہے کہ یہ تمام پیش گوئیاں سائنسی اور فلکیاتی ڈیٹا پر مبنی ہیں، تاہم عیدالاضحیٰ کی حتمی تاریخ کا اعلان رویت ہلال کمیٹی ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کی بنیاد پر کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں