کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) سپر ہائی وے پر قائم ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں آٹو کراس ٹریک پر جدید فلڈ لائٹس اور ایل ای ڈی سسٹم نصب کر دیا گیا ہے، جس کے بعد اب اس ٹریک پر رات کے وقت بھی گاڑیوں کی ریس ممکن ہو گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق دو کلومیٹر سے زائد طویل ٹریک پر مجموعی طور پر 100 لائٹ ٹاورز لگائے گئے ہیں، جبکہ 300 ایل ای ڈی لائٹس اور 4 ہائی ماسک ٹاورز بھی نصب کیے گئے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد ریسنگ کے شوقین افراد کو جدید اور محفوظ سہولیات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ دن کے ساتھ ساتھ رات میں بھی آٹو کراس مقابلوں میں حصہ لے سکیں۔مزید بتایا گیا ہے کہ ٹریک کے ساتھ 200 میٹر طویل ڈریگ ریسنگ سیکشن بھی تیار کیا گیا ہے، جہاں مختلف مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔منتظمین کے مطابق یہ منصوبہ شہر میں موٹر اسپورٹس کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم ہے۔


