اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) اقتصادی امور ڈویژن کی تازہ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں پاکستان کے بیرونی قرضوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق اس عرصے کے دوران پاکستان کو مجموعی طور پر 6 ارب 59 کروڑ ڈالر کا نیا بیرونی قرض حاصل ہوا، جبکہ جولائی تا مارچ ملکی سطح پر 1,828 ارب روپے کے مساوی اضافی قرض بھی لیا گیا۔
اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق یہ قرضہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 332 ارب روپے زیادہ ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) کے 1 ارب 20 کروڑ ڈالر کے ڈیپازٹس مجموعی قرضوں میں شامل نہیں کیے گئے۔اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب نے پاکستان کو 3 ارب ڈالر کے ڈیپازٹس فراہم کیے، جبکہ 254 ارب روپے کی ادھار تیل سہولت بھی دی گئی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ 9 ماہ کے دوران 28 ارب روپے سے زائد گرانٹس موصول ہوئیں، جبکہ نان پراجیکٹ ایڈ کی مد میں 1,156 ارب روپے حاصل کیے گئے۔اسی طرح مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لیے 699 ارب روپے سے زائد قرض بھی حاصل کیا گیا۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں پاکستان کو 5 ارب 37 کروڑ ڈالر کا قرض ملا تھا۔


