کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)شہر قائد میں فائرنگ کے واقعات میں ایک بار پھر خطرناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں مختلف علاقوں میں چند گھنٹوں کے دوران پیش آنے والے واقعات میں 3 شہری جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔پہلا واقعہ بلدیہ نادرن بائی پاس میں ایل پی جی گیس کمپنی کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 28 سالہ گلاب ولد یوسف جاں بحق ہو گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق لاش کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
دوسرا واقعہ گلشن معمار افغان بستی ڈبل روڈ کے قریب پیش آیا، جہاں فائرنگ کے نتیجے میں 45 سالہ صاحب خان ولد مسافر جاں بحق ہوا۔ زخمی شخص کو عباسی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔تیسرا واقعہ سپر ہائی وے نیو سبزی منڈی ہنگورا گوٹھ کے قریب پیش آیا، جہاں فائرنگ سے ایک شخص موقع پر جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔ جاں بحق شخص کی شناخت 25 سالہ سعید اللہ ولد خان سعید اور زخمی کی شناخت 23 سالہ واحد ولد خان سعید کے طور پر ہوئی ہے۔
زخمی شخص کو عباسی اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔کراچی پولیس کے مطابق تمام واقعات کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ نامعلوم ملزمان کی تلاش کے لیے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔شہر میں پے در پے فائرنگ کے واقعات نے شہریوں میں خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے، جبکہ سیکیورٹی صورتحال پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں۔


