اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)پٹرول کی قیمت 416 روپے فی لیٹر تک پہنچنے کے بعد حکومتی بیانات ایک بار پھر عوامی تنقید کی زد میں آ گئے ہیں۔ سوشل میڈیا پر ایک بیان گردش کر رہا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جب ایک روپیہ بھی بڑھتاہےتونوازشریف اور شہباز شریف کا دل روتا ہے،تاہم حالیہ اضافے کے بعد عوام کی جانب سے اس بیان پر شدید سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
ناقدین کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے مہنگائی کا طوفان مزید شدت اختیار کر گیا ہے، جس کا براہِ راست بوجھ عام شہری پر پڑ رہا ہے۔ ٹرانسپورٹ، اشیائے خورونوش اور روزمرہ استعمال کی اشیا مہنگی ہونے سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہو چکا ہے۔
عوامی حلقوں کے مطابق اگر حکمران واقعی عوامی مشکلات پر دل گرفتہ ہیں تو اس کا عملی مظاہرہ قیمتوں میں کمی اور ریلیف اقدامات کی صورت میں سامنے آنا چاہیے، محض بیانات سے عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں حکومت کو عوامی اعتماد بحال کرنے کے لیے فوری اور ٹھوس معاشی فیصلے کرنا ہوں گے، بصورتِ دیگر عوامی بے چینی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔


