6 ماہ کی بیٹی کی تدفین کے لیے جانے والا نوجوان ڈاکوؤں کی فائرنگ سے قتل، بھائی زخمی

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی میں سفاکانہ واردات کے دوران 6 ماہ کی بیٹی کی تدفین کے لیے جانے والے نوجوان کو ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا، جبکہ مقتول کا بھائی بھی زخمی ہو گیا۔پولیس کے مطابق افسوسناک واقعہ سہراب گوٹھ کے علاقے پنجاب بس اڈا پیڈسٹرین برج کے قریب پیش آیا، جو سچل تھانے کی حدود میں آتا ہے۔ فائرنگ کے نتیجے میں 27 سالہ منصور احمد جاں بحق جبکہ اس کا 23 سالہ بھائی راشد زخمی ہو گیا۔

پولیس اور ریسکیو حکام نے جاں بحق اور زخمی افراد کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے منصور احمد کی موت کی تصدیق کی۔ایس ڈی پی او سہراب گوٹھ ڈی ایس پی اورنگزیب خٹک کے مطابق دونوں افراد سگے بھائی تھے اور ناظم آباد میں مٹھائی کی دکان پر کام کرتے تھے، جبکہ ان کا آبائی تعلق گھوٹکی سے تھا۔ منصور کی دو سال قبل شادی ہوئی تھی اور اس کی 6 ماہ کی بیٹی حال ہی میں انتقال کر گئی تھی۔

زخمی راشد نے بتایا کہ دونوں بھائی ہفتے کی صبح بیٹی کی تدفین کے لیے گھوٹکی جانے کے لیے بس کے انتظار میں کھڑے تھے کہ دو ڈاکو آئے اور چھینا جھپٹی شروع کر دی۔ تلخ کلامی اور ہاتھا پائی کے دوران ایک ڈاکو نے فائرنگ کر دی، جس سے منصور موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔

پولیس نے ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی، جسے بعد ازاں آبائی علاقے گھوٹکی روانہ کر دیا گیا۔ واقعے کے بعد ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں