لندن(ایچ آراین ڈبلیو)لندن میں پاکستان ہائی کمیشن لندن کے زیر اہتمام معرکۂ حق (Marka-e-Haq) اور آپریشن بنیان المرصوص کی پہلی سالگرہ کے موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں فوجی و فضائی اتاشی کرنل محسن وقار نے کہا کہ معرکۂ حق وہ تاریخی لمحہ تھا جب دنیا بھر میں پاکستانی قوم نے اپنی افواج کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی اتحاد، عزم اور استقامت کی مثال قائم کی۔ ان کے مطابق پاکستانی عوام نے ہر قیمت پر ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاکستان کے قائم مقام ہائی کمشنر برائے برطانیہ ہسیب بن عزیز نے کہا کہ یہ تقریب پاکستان کی بہادر مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے، جنہوں نے بے مثال جرات، پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کے ساتھ وطن کے دفاع میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص کے دوران افواجِ پاکستان کا ردعمل تیز، فیصلہ کن اور مؤثر تھا جسے عالمی سطح پر بھی سراہا گیا۔
بحری و دفاعی اتاشی کموڈور جواد خواجہ اور کرنل محسن وقار نے اپنے خطابات میں کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا اور ملک کی خودمختاری کا کامیابی سے دفاع کیا۔
وزیر (پریس) علی نواز ملک نے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہائی کمیشن نے برطانوی میڈیا کو درست معلومات فراہم کرنے اور بھارتی پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دینے کے لیے اہم اقدامات کیے۔
تقریب میں برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں نے بھی افواجِ پاکستان، سیاسی قیادت اور پوری قوم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معرکۂ حق آئندہ بھی قومی اتحاد اور مضبوط پاکستان کے لیے مشعلِ راہ بنا رہے گا۔
تقریب میں برطانوی اراکینِ پارلیمنٹ، پاکستانی نژاد کونسلرز، بزنس کمیونٹی، ہائی کمیشن کے افسران، میڈیا نمائندگان اور پاکستانی ڈائسپورا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔


