وفاقی حکومت کا بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام صوبوں کے حوالے کرنے پر غور

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)اسلام آباد میں وفاقی حکومت نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو صوبوں کے حوالے کرنے کے معاملے پر غور شروع کردیا ہے۔نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داس کوہستانی نے کہا کہ 18ویں آئینی ترمیم کے بعد زیادہ تر اختیارات صوبوں کو منتقل ہو چکے ہیں، اس لیے امدادی رقوم کی تقسیم بھی صوبائی حکومتوں کے ذریعے ہونی چاہیے۔

انہوں نےبتایا کہ بعض صوبوں کی جانب سےبھی یہ مطالبہ سامنے آیا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام صوبوں کے سپرد کیا جائے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ حکومت اس حوالےسے کوئی بھی حتمی فیصلہ اتحادی جماعتوں اور دیگر سیاسی قوتوں سے مشاورت کے بعد ہی کرے گی۔وفاقی وزیرنےواضح کیا کہ بےنظیرانکم سپورٹ پروگرام کو مکمل طور پر ختم کرنے کی کوئی تجویز زیرِ غور نہیں ہے، بلکہ مقصد صرف اس کے انتظامی ڈھانچے کو آئینی تقاضوں کے مطابق بہتر بنانا ہے۔حکام کے مطابق اس معاملے پر مشاورت کا عمل جاری ہے اور آئندہ دنوں میں اس حوالے سے مزید پیش رفت متوقع ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں