کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے زیراہتمام مس سنا علی کے اعزاز میں ایک شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
سندھ اولمپک ایسوسی ایشن نے کراچی کے کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس، کشمیر روڈ پر واقع سندھ اولمپک سیکرٹریٹ میں ایک رنگا رنگ تقریب کا اہتمام کیا، جس میں کھیلوں کی ممتاز شخصیات، حکام، میڈیا نمائندگان اور مختلف کھیلوں کی ایسوسی ایشنز کے عہدیداران نے شرکت کی۔
مس سنا علی نے چین کے شہر سانیہ میں منعقدہ چھٹے ایشین بیچ گیمز میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک تاریخی سنگ میل عبور کیا اور پاکستان کی پہلی خاتون شیف ڈی مشن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ یہ اعزاز پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عارف سعید اور سیکرٹری خالد محمود کی جانب سے سندھ کو دیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سندھ اولمپک ایسوسی ایشن احمد علی راجپوت نے مس سنا علی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس کامیابی کو سندھ اور پاکستان کے لیے تاریخی لمحہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ مختلف کھیلوں سے وابستہ سیکرٹریز، صدور اور عملے نے بھی مس سنا علی کی شاندار کامیابی پر انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
اپنے خطاب میں مس سنا علی نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعزاز پہلی مرتبہ سندھ کو حاصل ہوا ہے اور یہ کامیابی تمام عہدیداران اور کھیلوں سے وابستہ افراد کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔
تقریب کے اختتام پر 35ویں نیشنل گیمز کے منتظمین، عہدیداران اور میڈیا نمائندگان میں اعزازی شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ اعزاز حاصل کرنے والوں میں انجینئر محفوظ الحق، جمیل احمد، ندیم خان، میڈیا مینیجر محمد قمر خان اور میڈیا کوآرڈینیٹر کاشف احمد فاروقی شامل تھے۔
36


