ایس بی سی اے افسران اور پیکج مافیا کی مبینہ ملی بھگت، ناظم آباد میں غیرقانونی تعمیرات کا انکشاف

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے بعض افسران کے ساتھ مبینہ طور پر پیکج مافیا بھی علاقے کی تباہی میں مصروف دکھائی دے رہی ہے۔ شہر کے علاقے ناظم آباد بلاک 5 میں متعدد پلاٹوں پر غیرقانونی تعمیرات کے خلاف کارروائیاں مسلسل نظر انداز کی جا رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ناظم آباد میں غیرقانونی تعمیرات کروانے والے افراد کا ایک نیا نام بھی سامنے آیا ہے، جبکہ بلاک 5C کے پلاٹ نمبر 4/17 کو انہدامی کارروائی سے بچانے کی کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔

اطلاعات کےمطابق ڈائریکٹر وسطی یا تو پیکج مافیا کے کارندوں کے آگے بے بس نظر آتے ہیں یا پھر مبینہ طور پر انہی کے ہاتھوں یرغمال بن چکے ہیں۔ دوسری جانب ناظم آباد بلاک 5E کے پلاٹ نمبر 7/2 اور 23/8 پر بھی خلافِ ضابطہ تعمیرات کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل اور ڈائریکٹر وسطی عبد الرؤف شیخ کی جانب سے ان مذکورہ تعمیرات کے خلاف خاموشی نے ان کے کردار پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ غیرقانونی تعمیرات کے خلاف فوری اور بلاامتیاز کارروائی کی جائے اور ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں