انقرہ(ایچ آراین ڈبلیو)ترکیہ کی معروف دفاعی کمپنی اسیلسان نے جدید ترین سمندری ڈرون ‘طوفان’ متعارف کرا دیا۔ترکیہ کی معروف دفاعی کمپنی اسیلسان نے جدید سمندری ٹیکنالوجی کے میدان میں بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے خودکار سمندری ڈرونز متعارف کروا دیے ہیں، جن میں ‘طوفان’ نامی غیر معمولی صلاحیتوں کا حامل اَن مینڈ سرفیس وہیکل بھی شامل ہے۔
طوفان کو خاص طور پر سطح سمندر پر خودکار جنگی کارروائیوں کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہ ڈرون نہ صرف مہلک حملے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے بلکہ جاسوسی اور انٹیلیجنس مشنز کے لیے بھی بہترین ثابت ہو سکتا ہے۔8.1 میٹر طویل یہ ڈرون پیٹرول انجن اور واٹر جیٹ پروپلشن سسٹم سے لیس ہے، جو اسے پانی میں تیز رفتاری اور پائیداری فراہم کرتا ہے۔
اس جدید ڈرون کی سب سے نمایاں خصوصیت اس کی ‘سوارم انٹیلی جنس’ اور خودکار صلاحیتیں ہیں۔ اس میں نصب جدید سینسرز اور وژن بیسڈ سسٹمز کے ذریعے یہ خودکار نیویگیشن کرنے، راستے میں آنے والی رکاوٹوں سے بچنے اور اہداف کی درست شناخت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق ‘طوفان’ ہائی ایکسپلوسیو وارہیڈ سے لیس ہے، جس کی بدولت یہ سطح سمندر پر موجود دشمن کے اہداف، ساحلی تنصیبات اور اہم فوجی اثاثوں کو کامیابی سے نشانہ بنا سکتا ہے۔ اس ٹیکنالوجی کے اضافے سے ترکیہ کی سمندری دفاعی صلاحیتوں میں مزید اضافہ متوقع ہے۔


