کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)جامعہ کراچی میں 392 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے جدید سہولیات سے آراستہ گرلز ہاسٹل کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق 36 ہزار 500 مربع فٹ کورڈ ایریا پر مشتمل یہ گرلز ہاسٹل ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے، جس میں 200 سے زائد طالبات کی رہائش کی گنجائش موجود ہے۔ ہاسٹل 67 کمروں پر مشتمل ہے اور ہر کمرے میں تین بستروں کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ جامعات، بالخصوص بڑی درسگاہوں میں جدید سہولیات سے آراستہ رہائشی ہاسٹلز کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے، کیونکہ ملک بھر سے طالبات اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے جامعہ کراچی آتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جامعہ کراچی اپنے طلبہ و طالبات کو بہترین تعلیمی اور رہائشی سہولیات فراہم کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے، اور یہ منصوبہ ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سعید احمد شیخ نے کہا کہ یہ منصوبہ جامعہ کی ترقیاتی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ ان کے مطابق ہاسٹل گراؤنڈ پلس تھری عمارت پر مشتمل ہے اور اس میں جدید سہولیات فراہم کی گئی ہیں جن میں سی سی ٹی وی کیمروں کا نظام، فائر سیفٹی، ڈائننگ ہال، کامن روم، ویٹنگ ایریا اور خصوصی افراد کے لیے ریمپ اور واش رومز شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہاسٹل میں طالبات کے لیے مکمل فرنیچر فراہم کیا گیا ہے جبکہ وارڈن آفس اور دیگر ضروری سہولیات بھی موجود ہیں۔
وائس چانسلر نے مزید کہا کہ پرانے گرلز ہاسٹل کو ری ہیبیلیٹیشن سینٹر میں تبدیل کرنے کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے، جس کا مقصد جامعہ میں صحت اور بحالی کی سہولیات کو مزید بہتر بنانا ہے۔جامعہ کے حکام کے مطابق یہ جدید ہاسٹل طالبات کو محفوظ، آرام دہ اور تعلیمی سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول فراہم کرے گا، جس سے ان کی تعلیمی کارکردگی میں بہتری متوقع ہے۔


