شہریوں کو گھر بیٹھے پاسپورٹ اپلائی کرنے کی سہولت دینے کا فیصلہ

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) حکومت نے شہریوں کو پاسپورٹ کے لیے گھر بیٹھے درخواست دینے کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کا مقصد نظام کو مزید آسان اور ڈیجیٹل بنانا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس میں ڈی جی پاسپورٹس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں نادرا کی ٹیکنیکل ٹیم نے بھی شرکت کی۔
اجلاس کے دوران پاسپورٹ کے موجودہ نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے مختلف اصلاحات پر غور کیا گیا۔ وزیر داخلہ کے وژن کے مطابق نئی ٹیکنالوجی متعارف کرانے اور موجودہ پالیسیوں کو ڈیجیٹل نظام کے مطابق اپ ڈیٹ کرنے پر بھی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہریوں کو گھر بیٹھے آن لائن پاسپورٹ اپلائی کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی، جس سے درخواست کے عمل کو آسان، تیز اور شفاف بنایا جا سکے گا۔
حکام کے مطابق اس اقدام سے عوام کو دفاتر کے چکر لگانے کی زحمت سے نجات ملے گی اور پاسپورٹ سروسز کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں