کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) شہر قائد کے ناردرن بائی پاس پر قائم مویشی منڈی میں قربانی کے جانوروں کی آمد کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے، جہاں اب تک جانوروں کی مجموعی تعداد سوا لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔
منڈی کے ایڈمنسٹریٹر طارق تنولی کے مطابق مختلف بلاکس جن میں سبی، سفائر، کشمیر، کے پی کے، گولڈن اور پہاڑی بلاک شامل ہیں، میں بیوپاریوں کی آمد جاری ہے۔ جبکہ جنرل بلاک میں بجلی اور پانی کی فراہمی مکمل طور پر مفت رکھی گئی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق منڈی میں عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہر بلاک میں ہیوی جنریٹرز کے ذریعے 24 گھنٹے بجلی اور پانی کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
سیکیورٹی کے حوالے سے انتظامیہ نے بتایا کہ منڈی اور اس کے اطراف میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ پارکنگ اور انٹری گیٹس پر شہریوں کے استقبال کے لیے خصوصی انتظامات موجود ہیں۔
پارکنگ ایریا کے ٹھیکیدار کے مطابق روزانہ بڑی تعداد میں شہری اور یوٹیوبرز منڈی کا رخ کر رہے ہیں، جس کے باعث رات کے اوقات میں منڈی کی رونقیں مزید بڑھ جاتی ہیں اور فضا مختلف کھانوں کی خوشبو سے مہک اٹھتی ہے۔


