افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی، نیو کراچی ٹاؤن کے بلدیاتی اسکولوں کے اساتذہ اور طلبہ کی ریلی

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو )افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی اور قومی سلامتی کے محافظوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے نیو کراچی ٹاؤن کے بلدیاتی اسکولوں کے اساتذہ اور طلبہ نے پُرجوش ریلی نکالی۔ اظہار یکجہتی میں طلبہ نے ہاتھوں میں قومی پرچم اور بینرز اُٹھا رکھے تھے، جبکہ فضا پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی۔اس موقع پر میونسپل کمشنر نیو کراچی ٹاؤن عبدالجبار مہر نے بھی طلبہ کے ہمراہ ریلی میں شرکت کی۔ ان کے ساتھ ٹاؤن افسران، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ریلی کے شرکاء نے وطن سے محبت، قومی وحدت اور ملکی سلامتی کے لیے اپنی وابستگی کا بھرپور اظہار کیا۔میونسپل کمشنر عبدالجبار مہر نے اس موقع پرگفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج قوم کا فخر ہیں، جنہوں نے ہر مشکل گھڑی میں مادرِ وطن کا دفاع کرتے ہوئے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، جرات اور قربانیوں کی لازوال مثالیں قائم کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا دندان شکن جواب دے کر بھر پورکامیابی حاصل کی اور دشمن کو ایسا مؤثر جواب دیا جسے وہ اور اُس کی آنے والی نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔عبدالجبار مہر کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اور افواجِ پاکستان کے درمیان اعتماد، محبت اور احترام کا رشتہ نہایت مضبوط ہے۔ دشمن پاکستان کی سرحدوں پر حملہ تو کر سکتا ہے، مگر پاکستانی قوم کے جذبہ حب الوطنی اور اپنی فوج سے والہانہ محبت کو کبھی کمزور نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن کے یہ ننھے طلبہ دراصل اس حقیقت کا روشن ثبوت ہیں کہ پاکستان کا ہر شہری، ہر بچہ اور ہر نوجوان اپنی فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری افواج نے ہمیشہ صرف سرحدوں کی حفاظت ہی نہیں کی بلکہ قدرتی آفات، ہنگامی حالات اور قومی بحرانوں میں بھی قوم کی امیدوں کا مرکز بنی ہیں۔ آج کے یہ طلبہ مستقبل کے معمار ہیں، اور ان کے دلوں میں وطن سے محبت اور اپنی فوج کے لیے احترام پیدا کرنا دراصل ایک مضبوط اور باوقار پاکستان کی بنیاد ہے۔ریلی کے اختتام پر طلبہ نے پاکستان کی سلامتی، استحکام اور افواجِ پاکستان کی سربلندی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں