کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) سید مراد علی شاہ پی سی ہوٹل کراچی پہنچے جہاں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو، ڈاکٹر فضل اللہ پیچوہو، ڈاکٹر امتل لطیف، سیکریٹری صحت طاہر سانگی سمیت دیگر حکام نے ان کا استقبال کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اس موقع پر آلٹیمی ریسرچ اینڈ ڈائگناسٹک لیبارٹری کا افتتاح بھی کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید مراد علی شاہ نے کہا کہ جدید لیبارٹری نظام صحت کی بہتری میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ان کے مطابق درست اور بروقت ٹیسٹ نتائج علاج کو مؤثر بناتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ صحت کی سہولیات بہتر بنانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے جبکہ نجی اداروں کا صحت کے نظام میں کردار بھی نہایت اہم ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ معیاری اور سستی تشخیصی سہولیات عوام تک پہنچانا وقت کی ضرورت ہے۔ جدید ٹیکنالوجی سے لیس یہ لیبارٹری عوام کے لیے خوش آئند قدم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت صحت کے شعبے میں سرمایہ کاری اور اصلاحات جاری رکھے گی، جبکہ صوبے کا بجٹ کا بڑا حصہ صحت کے شعبے پر خرچ کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو بہتر سہولت فراہم کی جا سکے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے بچوں کی صحت کے لیے مختلف ادارے قائم کیے ہیں اور چائلڈ لائف فاؤنڈیشن سمیت مختلف اداروں کے ساتھ مل کر جناح، این آئی سی وی ڈی اور دیگر مراکز میں کام جاری ہے۔


