کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) شدید گرمی اور سخت موسمی حالات کے دوران امتحانی مراکز پر طلبہ اور والدین کو بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کی جانب سے مختلف مقامات پر خصوصی اقدامات کیے گئے۔
پارٹی چیئرمین آفاق احمد کی ہدایت پر شہر کے مختلف امتحانی مراکز کے باہر طلبہ اور والدین کے لیے ٹھنڈے پانی کی بوتلوں اور سایہ دار جگہ کا انتظام کیا گیا۔
ڈاکٹر نگہت فاطمہ نے کہا کہ شدید گرمی میں پانی اور بجلی کے بغیر طلبہ سے امتحانات لینا حکومتی نااہلی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاستی سطح پر بنیادی سہولیات کی فراہمی میں ناکامی نظر آ رہی ہے، جبکہ مہاجر قومی موومنٹ کے کارکنان اپنی مدد آپ کے تحت سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امتحانی مراکز کے اندر اور باہر پانی کی عدم دستیابی اور شہر میں جاری پانی کے بحران نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔
پارٹی رہنماؤں کے مطابق یہ اقدام انسان دوستی، تعلیم دوستی اور سماجی ذمہ داری کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب ریاستی ادارے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام ہوں تو عوامی نمائندے ہی آگے بڑھ کر شہریوں کی مدد کرتے ہیں۔


