کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سال 2026 کے ابتدائی چار ماہ کے دوران بلوں کی وصولی میں 10.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ادارے کے مطابق اس مدت میں مجموعی طور پر 8,148 ملین روپے وصول کیے گئے، جو گزشتہ سال 2025 کے اسی عرصے کے 7,373 ملین روپے کے مقابلے میں 775 ملین روپے زیادہ ہیں۔
حکام کے مطابق مالی سال 2025-26 کے پہلے دس ماہ کے دوران مجموعی وصولیوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 29 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس کی مالیت 5,161 ملین روپے بنتی ہے۔
ادارے نے بتایا کہ اس عرصے میں اوسط ماہانہ وصولی 2.26 ارب روپے سے تجاوز کر گئی ہے، جو مالی کارکردگی میں بہتری کی واضح علامت ہے۔
واٹر کارپوریشن حکام کے مطابق وصولیوں میں اضافے کی بڑی وجوہات میں افسران و ملازمین کی مشترکہ کاوشیں، تھرڈ پارٹی ریکوری سسٹم کا استعمال، ٹیرف میں بتدریج اضافہ، بقایاجات کی وصولی اور ریکوری نظام کی بہتری شامل ہیں۔
ادارے نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ مستقبل میں بھی مالی استحکام اور ریکوری کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔


