بھارت کسی بھی مہم جوئی سے باز رہے، بھرپور جواب دیا جائے گا،شاہدغوری

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان سنی تحریک کے نائب سربراہ محمد شاہد غوری نے کہا ہے کہ پاکستان انشاءاللہ ہمیشہ قائم و دائم اور چمکتا رہےگا،جبکہ بھارت ہمیشہ کی طرح ناکام ورسوا ہوگا اور بربادی اس کا مقدر بنے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت معرکۂ حق کی عبرتناک شکست کو یاد رکھے، کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

ڈسٹرکٹ ایسٹ میں منعقدہ استحکامِ پاکستان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے محمد شاہد غوری کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن و انصاف کا پرچم بلند کیا ہے، جبکہ بھارت نے عالمی قوانین کو پامال کر کے امن کو نقصان پہنچایا اور انصاف کا قتل کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلم نسل کشی اور بھارت میں اقلیتوں پر ظلم و جبر جاری ہے، جبکہ سیکولرازم کا دعویدار بھارت درحقیقت جنونیت، اسلام دشمنی اور پاکستان مخالف سازشوں میں مصروف ہے۔

نائب سربراہ پاکستان سنی تحریک نے کہا کہ پاکستان کے عوام اتحاد و یکجہتی کے ساتھ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور وطنِ عزیز کے ایک ایک انچ اور چپے چپے کی حفاظت کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ معرکۂ حق میں کامیابی کے بعد پاکستان دنیا بھر میں امن کے علمبردار کے طور پر ابھرا ہے اور سفارتی سطح پر دنیا کے بہترین ممالک میں شمار ہوتا ہے۔

انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ پہلگام اور پلوامہ جیسے واقعات مودی حکومت کے ڈرامے ہیں، جن کے لیے آر ایس ایس کے عناصر کو استعمال کیا گیا۔ محمد شاہد غوری نے کہا کہ قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے اور عوام بھی دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

کنونشن سے مرکزی رہنما محمد مبین قادری، علامہ حفیظ قادری، مفتی خالد کمال قادری، علامہ صابر چشتی، علامہ حامد قادری، کراچی کے نائب امیر فرحان راجپوت، رکن کراچی رابطہ کمیٹی محمد عالم قادری سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔محمد شاہد غوری نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر سے بھارتی تسلط کے خاتمے کے لیے فوری کردار ادا کرے اور بھارتی جیلوں میں قید کشمیری قیادت اور شہریوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں