کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے سمسٹر امتحانات کی موجودہ صورتحال پر رپورٹ طلب کرتے ہوئے تمام ڈینز کو کمپلائنس رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔یونیورسٹی ذرائع کے مطابق 4 مئی کے نوٹیفکیشن کے تحت امتحانی نظام پر عملدرآمد کو لازمی قرار دیا گیا ہے اور اس کی نگرانی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ متعلقہ حکام کو فوری طور پر صورتحال پر تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔دوسری جانب شعبہ فارمیسی کے ڈین کی جانب سے یونیورسٹی انتظامیہ کے حکم پر عمل نہ کرنے کا معاملہ بھی سامنے آیا ہے، جس کے باعث شعبہ فارمیسی میں آج امتحان منعقد نہیں ہو سکا۔
ذرائع کے مطابق حارث شعیب نے اساتذہ یونین کی نمائندگی کے باعث ڈین کی ذمہ داری انجام نہیں دی۔جامعہ کراچی انتظامیہ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے امتحانی عمل کی مؤثر نگرانی یقینی بنانے اور رپورٹ فوری طور پر جمع کرانے کی تاکید کی ہے۔


