کراچی میں موٹر سائیکل چھیننے کی وارداتوں کا طوفان، گلشنِ معمار اور سرجانی جرائم کا نیا مرکز بن گئے

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) کراچی شہر میں اسٹریٹ کرائم ایک بار پھر خطرناک حد تک بڑھ گیا، رواں ماہ کے دوران موٹر سائیکل چھیننے اور چوری کی وارداتوں میں تشویشناک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ کئی علاقوں کو جرائم پیشہ عناصر کے لیے محفوظ پناہ گاہ قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ ویسٹ کے علاقے گلشنِ معمار اور سرجانی ٹاؤن سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں شامل ہیں جہاں درجنوں شہری اسلحے کے زور پر اپنی موٹر سائیکلوں سے محروم ہوگئے۔ اسی طرح ڈسٹرکٹ ایسٹ میں سپر ہائی وے اور اطراف کے علاقوں سے بھی متعدد موٹر سائیکل چھیننے کی وارداتیں رپورٹ ہوئیں۔

اعداد و شمار کے مطابق ڈسٹرکٹ سینٹرل اور ایسٹ کے کئی تھانے مسلسل وارداتوں کا گڑھ بنتے جا رہے ہیں جبکہ ویسٹ زون کے گلشنِ معمار اور سرجانی پولیس اسٹیشن سرفہرست قرار دیے گئے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ڈاکو دن دہاڑے اسلحے کے زور پر موٹر سائیکلیں چھین کر فرار ہو جاتے ہیں جبکہ پولیس کی کارروائیاں مؤثر دکھائی نہیں دیتیں۔ کئی متاثرین نے الزام لگایا کہ وارداتوں کے باوجود گشت میں اضافہ نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب سی پی ایل سی کے حالیہ کرائم ڈیٹا کے مطابق مارچ 2026 کے دوران کراچی بھر میں 3 ہزار 467 موٹر سائیکلیں چوری یا چھینی گئیں، جن میں 440 موٹر سائیکلیں اسلحے کے زور پر چھینی گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں