صدر آصف علی زرداری کا دورۂ چین مکمل، تعاون کے نئے معاہدے طے

سانیا، چین / اسلام آباد، پاکستان (ایچ آراین ڈبلیو) — صدرِ مملکت آصف علی زرداری پانچ روزہ سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد چین کے شہر سانیا سے پاکستان روانہ ہو گئے۔ دورے کے اختتام پر سانیا ایئرپورٹ پر کمیونسٹ پارٹی آف چائنا ہائی نان کے سینئر رہنما وانگ چیانگ نے انہیں الوداع کیا۔ اس موقع پر پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی دونگ، چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی اور چینی وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

دورۂ چین کے دوران صدر زرداری نے ہونان اور ہائی نان کے صوبوں میں صنعتی، زرعی اور بحری معیشت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔ انہوں نے شاؤشان میں چیئرمین ماؤ زے تنگ کے آبائی شہر کا دورہ کیا اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔

سی پیک 2.0 کے تحت صنعتی ترقی اور بلیو اکانومی کے فروغ پر پیشرفت اس دورے کا اہم محور رہی۔ چانگشا میں قیام کے دوران پاکستان اور چین کے اداروں کے درمیان سمندری پانی کو قابلِ استعمال بنانے، زرعی ٹیکنالوجی اور چائے کے شعبے میں تعاون کے فروغ کے لیے تین مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

سانیا میں صدرِ مملکت کی موجودگی میں مشینری، جانوروں کی ویکسینز اور طبی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے لیے مزید دو مفاہمتی یادداشتوں اور ایک مشترکہ سرمایہ کاری کے معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے۔

صدر آصف علی زرداری نے چانگشا اور سانیا میں صوبائی قیادت کے ساتھ اہم ملاقاتیں کیں اور سانیا میں پاک بحریہ کی پہلی ہنگور کلاس آبدوز کی کمیشننگ تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت بھی کی۔

یہ دورہ پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر ہوا، جس میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

**حمایتی اپیل (Support Appeal):**
ہیومن رائٹس نیوز ورلڈ وائیڈ (HRNW) دنیا کا پہلا انسانی حقوق پر مبنی نیوز پلیٹ فارم ہے۔ آزاد، غیر جانبدار اور معیاری صحافت کے فروغ کے لیے آپ کی معاونت نہایت اہم ہے۔
مزید معلومات اور تعاون کے لیے وزٹ کریں:
[https://www.hrnww.com/?page_id=1083](https://www.hrnww.com/?page_id=1083)

اپنا تبصرہ بھیجیں