اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں “معرکہ حق” کے حوالے سے ایک کیمپس ٹاک کا انعقاد کیا گیا، جس کا اہتمام ڈیجیٹل ڈیبیٹ کی جانب سے کیا گیا۔
تقریب میں علمی شخصیات، دانشوروں اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مباحثے کا عنوان “معرکہ حق سے عالمی ثالثی تک پاکستان کیلئے سب سے بڑی کامیابیاں کیا ہیں” رکھا گیا۔
مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی مؤثر سفارتکاری، عالمی سطح پر ثالثی کے بڑھتے ہوئے کردار اور بین الاقوامی اہمیت میں اضافے کو اہم کامیابیاں قرار دیا۔
ماہرین تعلیم نے کہا کہ پاکستان دنیا میں امن کے قیام اور ایک بااثر ثالث کے طور پر ابھر رہا ہے، جبکہ “معرکہ حق” کے بعد ملک نے خود کو ایک ذمہ دار، باوقار اور علاقائی استحکام کے ضامن کے طور پر منوایا ہے۔
شرکاء نے پاکستانی قیادت کی بہتر سفارتکاری اور دفاعی حکمت عملی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
مباحثے کے دوران شرکاء نے یہ بھی مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان نے مؤثر حکمت عملی کے ذریعے مختلف محاذوں پر کامیابیاں حاصل کی ہیں، جبکہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف کی جانے والی مبینہ سازشیں ہر بار ناکام ہوئیں۔


