اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)محسن نقوی نے محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان سمیت دنیا بھر کے محنت کشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔اپنے بیان میں وزیر داخلہ نے کہا کہ محنت کش کے پسینے سے ہی ترقی کی داستانیں رقم ہوتی ہیں، اور ملک کی ترقی میں مزدوروں کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ان ہاتھوں کی عظمت کا اعتراف ہے جو خاموشی سے معیشت کو استحکام بخشتے ہیں۔
محسن نقوی کے مطابق مزدور صرف ایک فرد نہیں بلکہ کسی بھی ملک کی ترقی کا بنیادی ستون ہے، جس کے بغیر خوشحالی کا خواب ادھورا رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام میں محنت کو عبادت اور محنت کش کو قابلِ احترام قرار دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئین پاکستان بھی محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ، مناسب اجرت اور بہتر کام کے ماحول کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محنت کشوں کی ترقی ہی پاکستان کی ترقی ہے اور مزدوروں کی محنت قوموں کی اصل طاقت اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
وزیر داخلہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت مزدوروں کے حقوق کے تحفظ، ان کی فلاح و بہبود اور محرومیوں کے خاتمے کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔


