صدر مملکت اور وزیراعظم کی محنت کشوں کے وقار و تحفظ کو یقینی بنانے کی اپیل

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)آصف علی زرداری اور شہباز شریف نے محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر کاروباری برادری، صنعتکاروں اور متعلقہ فریقین سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک کی محنت کش افرادی قوت کے وقار اور تحفظ کو یقینی بنائیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ جو قوم اپنے مزدوروں کا تحفظ کرتی ہے وہ اپنے مستقبل کا تحفظ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محنت کشوں کو بااختیار بنانا پائیدار قومی ترقی کی بنیاد ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بین الاقوامی محنتی معیارات کے مطابق کام کی جگہ پر بنیادی حقوق کے فروغ کے لیے پرعزم ہے، جن میں منصفانہ اجرت، سماجی تحفظ، جبری مشقت اور کم عمر بچوں کی مشقت کا خاتمہ اور امتیازی سلوک کا خاتمہ شامل ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ دنیا بھر بالخصوص پاکستان کے محنت کشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محنت کش طبقات کی قربانیاں معاشرے کی زندگی کو رواں دواں رکھتی ہیں اور یہی افراد سب سے بڑے اعزاز کے مستحق ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ اندرون و بیرون ملک پاکستانی مزدور قومی صلاحیت اور ملکی اساس کے سفیر ہیں، جبکہ ان کی محنت سے کمائی گئی ترسیلاتِ زر ملک کی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہنرمندی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے حکومت خصوصی اقدامات کر رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں