پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یومِ مزدور منایا جا رہا ہے

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یکم مئی کو یومِ مزدور منایا جا رہا ہے۔ اس دن کو منانے کا مقصد محنت کش طبقے کی جدوجہد، قربانیوں اور حقوق کو اجاگر کرنا ہے، تاہم مہنگائی، بے روزگاری اور کم اجرت کی چکی میں پسا مزدور آج بھی دیہاڑی کی تلاش میں سرگرداں ہے اور مزدوروں کے دن پر بھی بڑی تعداد بغیر آرام کام کرنے میں مصروف نظر آتی ہے۔
یومِ مزدور کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ محنت کش طبقات کی قربانیاں معاشرے کی زندگی کو رواں دواں رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مزدور اور ہنرمند افراد اندرون و بیرون ملک ہماری قابلیت، محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کے آئینہ دار ہیں۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ آج کے دن ہمیں اس عزم کی تجدید کرنی چاہیے کہ سب مل کر مزدوروں کے حقوق کا تحفظ کریں گے، انہیں باعزت روزگار، مناسب اجرت اور بہتر کام کے حالات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔
یومِ مزدور کے موقع پر مختلف مزدور تنظیموں کی جانب سے ریلیاں، سیمینارز اور تقاریب کا بھی اہتمام کیا گیا، جن میں محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ اور مہنگائی کے خاتمے کے مطالبات دہرائے گئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں