لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے باوجود ٹرانسپورٹرز نے عوام کو ریلیف دیتے ہوئے کرائے نہ بڑھانے کا اعلان کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سیکرٹری آر ٹی اے لاہور کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے بعد ٹرانسپورٹرز اور انتظامیہ کے درمیان باہمی اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ فی الحال پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔
مذاکرات کے بعد ٹرانسپورٹرز نے اس بات پر رضامندی ظاہر کی کہ پرانے کرائے ہی برقرار رکھے جائیں گے تاکہ مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کرایوں میں اضافے سے متعلق صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جائے گی، جبکہ عوام نے ٹرانسپورٹرز کے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔


