اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)شپنگ ذرائع کے مطابق پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کا خیرپور نامی جہاز کامیابی کے ساتھ آبنائے ہرمز عبور کر گیا ہے اور 58 ہزار میٹرک ٹن پٹرول لے کر پاکستان کی جانب روانہ ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خیرپور نامی جہاز کویت کی بندرگاہ سے تیل لے کر روانہ ہوا تھا اور توقع ہے کہ یہ جہاز آئندہ دو سے تین روز میں پاکستان پہنچ جائے گا۔
شپنگ ذرائع کے مطابق امریکی ناکہ بندی کے بعد یہ دوسرا پاکستانی بحری جہاز ہے جو بحفاظت آبنائے ہرمز سے نکلنے میں کامیاب ہوا ہے، جسے توانائی سپلائی کے تسلسل کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کا ایک اہم راستہ ہے اور حالیہ صورتحال کے باعث اس راستے سے گزرنے والے بحری جہازوں پر خاص توجہ مرکوز رہی ہے۔


