وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی ڈاؤن سنڈروم پروگرام کے حیدرآباد چیپٹر کا افتتاح کر دیا

حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی ڈاؤن سنڈروم پروگرام (KDSP) کے حیدرآباد چیپٹر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر جام خان شورو، میئر حیدرآباد کاشف شورو اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

یہ چیپٹر سندھ حکومت کے ڈی ای پی ڈی اور کے ڈی ایس پی کے باہمی تعاون سے قائم کیا گیا ہے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ڈاؤن سنڈروم کے حامل بچوں کی تعلیم، بحالی اور فلاح کے لیے حیدرآباد سینٹر کا قیام ایک اہم سنگ میل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈاؤن سنڈروم پروگرام پہلے ہی کراچی کے علاقوں پی ایچ ای سی ایس اور نارتھ ناظم آباد میں فعال ہے۔ حیدرآباد چیپٹر میں بچوں کو فزیوتھراپی، اسپیچ تھراپی، اوکیوپیشنل اور بیہیویئر تھیراپی کی سہولیات بلا معاوضہ فراہم کی جائیں گی۔وزیراعلیٰ کے مطابق ابتدائی مرحلے میں حیدرآباد سینٹر میں 100 سے زائد خصوصی بچوں کی رجسٹریشن مکمل ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی اعداد و شمار کے مطابق ہر 700 میں سے ایک بچہ ڈاؤن سنڈروم سے متاثر ہوتا ہے، جبکہ سندھ میں ایسے بچوں کی تعداد تقریباً 80 ہزار سے ایک لاکھ کے درمیان ہے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ خصوصی مراکز متاثرہ بچوں کی بروقت تشخیص، بحالی اور سماجی شمولیت میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ڈی ای پی ڈی اور کے ڈی ایس پی کے اشتراک سے ایک جدید ڈیجیٹل ایپ کی تیاری پر بھی کام جاری ہے، جس کے ذریعے دور دراز علاقوں کے والدین گھر بیٹھے تھیراپی سیشنز اور طبی رہنمائی حاصل کر سکیں گے۔

یہ ایپ اینڈرائیڈ اور آئی فون دونوں پلیٹ فارمز پر دستیاب ہوگی، جبکہ حکومت مستقبل میں سکھر اور شہید بینظیر آباد میں بھی ایسے مراکز قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں