صومالی قزاقوں کے اغواء کردہ جہاز پُنٹ لینڈ کے ساحل کے قریب لنگر انداز، دفتر خارجہ

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)ترجمان دفترِ خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ صومالی قزاقوں کے ہاتھوں اغواء کیا گیا جہاز اس وقت اییل، پُنٹ لینڈ کے قریب ساحل پر لنگر انداز ہے۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان نے بتایا کہ 21 اپریل کو صومالیہ کے جنوب مشرقی ساحل کے قریب آئل ٹینکر کو قزاقوں نے اغواء کیا تھا، جس میں پاکستانیوں سمیت تقریباً 70 افراد سوار تھے۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی سفارتخانہ جبوتی نے صومالی حکام سے مسلسل رابطہ برقرار رکھا ہوا ہے، جبکہ صومالی وزارتِ خارجہ نے عملے کی حفاظت یقینی بنانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ قزاق جہاز کے مالک سے بھی رابطے میں ہیں اور عملے کی خیریت کے حوالے سے مثبت اشارے مل رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صومالیہ کے ساحلی علاقوں میں قذاقی کے واقعات ماضی سے جاری ہیں، جن کے تدارک کے لیے عالمی سطح پر کوششیں کی جا رہی ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی سفارتخانہ صورتحال پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے، جبکہ عملے کی سلامتی اور ان کی جلد وطن واپسی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں