امریکا کا ایران پر بڑا مالی اقدام، 500 ملین ڈالر کے کرپٹو اثاثے ضبط کرنے کا دعویٰ

واشنگٹن(ایچ آراین ڈبلیو)امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے ایران کے تقریباً 500 ملین ڈالر مالیت کے کرپٹو کرنسی اثاثے ضبط کر لیے ہیں۔
گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ خزانہ نے کہا کہ “آپریشن اکنامک فیوری” کے تحت یہ کارروائی کی گئی ہے، جس کا مقصد تہران پر معاشی دباؤ بڑھانا ہے۔
اسکاٹ بیسنٹ کے مطابق پہلے مرحلے میں تقریباً 350 ملین ڈالر اور بعد ازاں مزید 100 ملین ڈالر کے اثاثے ضبط کیے گئے، جس کے بعد مجموعی رقم تقریباً 500 ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دنیا بھر میں ایرانی بینک اکاؤنٹس کو منجمد کرنے کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ سال اس معاشی دباؤ کی مہم کی منظوری دی تھی اور حالیہ ہفتوں میں دباؤ مزید بڑھانے کی ہدایت دی گئی۔
امریکی وزیرِ خزانہ نے کہا کہ واشنگٹن مختلف ممالک اور کمپنیوں پر بھی دباؤ ڈال رہا ہے کہ وہ ایران کے ساتھ تجارتی تعلقات ختم کریں، جبکہ ایرانی تیل کے خریداروں کو بھی ممکنہ ثانوی پابندیوں سے آگاہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایران نے امریکی اقدامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مہم عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ کرے گی۔ ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکی اقدامات اور بیانات کو “بے اثر” قرار دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں