تہران(ایچ آراین ڈبلیو)مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا ہے کہ خلیج فارس کا مستقبل امریکا کی موجودگی کے بغیر روشن ہوگا، جبکہ ایران اور خلیجی ہمسایہ ممالک کا مقدر مشترکہ ہے اور خطے میں غیر ملکی عناصر کے لیے کوئی جگہ نہیں۔
سپریم لیڈر نے کہا کہ آج خطے میں دنیا کی سب سے بڑی جارحیت کے دو ماہ بعد اور امریکا کی اپنے منصوبے میں شرمناک ناکامی کے بعد خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں ایک نیا باب ابھر رہا ہے۔یہ پیغام ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی IRNA نے نیشنل پرشین گلف ڈے کے موقع پر شائع کیا، جو 1622 میں آبنائے ہرمز سے پرتگالی افواج کے انخلا کی یاد میں منایا جاتا ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ آبنائے ہرمز صدیوں سے “بہت سے شیطانوں کی لالچ” کا مرکز رہی ہے۔ انہوں نے فروری کے آخر میں شروع ہونے والی امریکا-اسرائیل جنگ کے تناظر میں کہا کہ ایرانی عوام نے اپنی آنکھوں سے ایرانی افواج کی ثابت قدمی، چوکسی اور بہادرانہ جدوجہد کے خوبصورت مظاہر دیکھے ہیں۔مجتبیٰ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ خلیج فارس کا مستقبل “امریکا کے بغیر” ہوگا اور یہ خطہ صرف خطے کے عوام کی ترقی، امن، سکون اور خوشحالی کے لیے وقف ہوگا، جبکہ غیر ملکی مداخلت کے لیے یہاں کوئی گنجائش نہیں۔


