لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنےجنوبی پنجاب کےکچہ ایریا کی ترقی کے لیے 23 ارب روپے کے جامع ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کر دیا ہے۔یہ اعلان لاہور میں وزیراعلیٰ کی زیرِ صدارت ہونے والے ایک اجلاس کے دوران کیا گیا، جس میں کچہ ایریا کی سماجی و معاشی صورتحال بہتر بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ نے کچہ ایریا میں ’اپنا کھیت، اپنا روزگار‘ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد مقامی آبادی کو باعزت روزگار فراہم کرنا اور انہیں خود کفیل بنانا ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز نے کچہ ایریا کے مکینوں کو 14 ہزار 500 ایکڑ سرکاری اراضی دینے کی ہدایت کی، جبکہ علاقے میں عوامی سہولتوں کے لیے ٹرانسپورٹ سروس اور کلینک آن ویلز بھی فراہم کیے جائیں گے۔
مزید بتایا گیا کہ جنوبی پنجاب کچہ ایریا ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت اسکولوں، اسپتالوں، سڑکوں اور پلوں کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی، تاکہ پسماندہ علاقوں میں بنیادی سہولتوں کی کمی کو پورا کیا جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت جنوبی پنجاب کے محروم علاقوں کو ترقی کے مرکزی دھارے میں لانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی اور کچہ ایریا کے عوام کو طویل المدتی ریلیف فراہم کیا جائے گا۔


