صومالی قزاقوں کے ہاتھوں پاکستانیوں کے اغوا کے بعد صومالیہ حکومت کی پاکستان کو تعاون کی یقین دہانی

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)صومالی قزاقوں کے ہاتھوں 10 پاکستانی شہریوں کے اغوا کے بعد صومالیہ کی حکومت نے پاکستان کو تحریری طور پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا دی ہے۔
سفارتی ذرائع کے مطابق صومالی حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اغوا کیے گئے پاکستانی شہریوں کی محفوظ بازیابی اور وطن واپسی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ اس حوالے سے پاکستان نے باضابطہ طور پر صومالی حکام کے سامنے 10 پاکستانیوں کے اغوا کا معاملہ اٹھایا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی سطح پر رابطے جاری ہیں اور صورتحال پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ بحری جہاز Honour 25 پر صومالی قزاقوں کے قبضے کے بعد 10 سے زائد پاکستانی عملہ یرغمال بنا ہوا ہے، جن میں کراچی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی شامل ہیں۔ حکام کے مطابق پاکستانی شہریوں کی بحفاظت رہائی کے لیے تمام دستیاب سفارتی اور متعلقہ ذرائع استعمال کیے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں