اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) وفاقی دارالحکومت میں وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چودھری کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں پاسپورٹ نظام میں اصلاحات اور شہری سہولتوں سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ نارمل پاسپورٹ کی ڈلیوری مدت 21 دن سے کم کر کے 14 دن کر دی گئی ہے تاکہ شہریوں کو تیز تر خدمات فراہم کی جا سکیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اجلاس میں پاسپورٹ دفاتر میں مکمل کیش لیس نظام کے نفاذ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ 15 روز کے اندر یہ نظام مکمل طور پر نافذ کیا جائے گا۔ ان کے مطابق اس اقدام سے شفافیت میں اضافہ ہوگا اور ایجنٹ مافیا کا خاتمہ ممکن ہوگا۔
اجلاس میں بزنس پاسپورٹ کے اجرا کے نظام کو جلد حتمی شکل دینے اور پاسپورٹ کی گھروں تک ترسیل کے نظام کو مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔
وزیر داخلہ نے پاسپورٹ نظام میں بہتری کے لیے پاسپورٹ اتھارٹی کے قیام کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس حوالے سے پیش رفت تیز کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں سیکرٹری داخلہ، ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔


