اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) پاکستان کی سمندری حدود کے دفاع کو مزید تقویت مل گئی ہے، پاک بحریہ میں پہلی ہنگور کلاس آبدوز باضابطہ طور پر شامل کر لی گئی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہنگور کلاس آبدوز کی شمولیت کی تقریب چین کے شہر سانیا میں منعقد ہوئی، جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر امیر البحر ایڈمرل نوید اشرف بھی موجود تھے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہنگور کلاس آبدوز کی شمولیت پاک بحریہ کی جدت کے سفر میں ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کے دفاع، بحری مفادات کے تحفظ اور اقتصادی راہداریوں کی حفاظت کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
امیر البحر ایڈمرل نوید اشرف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہم سمندری گزرگاہوں میں بڑھتے ہوئے خطرات عالمی تجارت اور توانائی کے تحفظ کے لیے چیلنج بن رہے ہیں، جن کے مقابلے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے لیس بحری افواج ناگزیر ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہنگور کلاس آبدوزیں جدید ہتھیاروں، سینسرز اور ایئر انڈیپنڈنٹ پروپلشن سسٹم سے لیس ہیں، جو خطے میں سمندری استحکام، بحیرہ عرب اور بحرِ ہند میں اہم بحری راستوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کریں گی۔
نیول چیف نے کہا کہ ہنگور نام پاکستان کی بحری تاریخ میں خاص اہمیت رکھتا ہے، اور نئی آبدوز اسی شاندار روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے پاک بحریہ کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کرے گی۔
تقریب میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ یہ پیش رفت پاکستان اور چین کے درمیان دفاعی تعاون اور دیرینہ دوستی کا مظہر ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس کامیابی پر پاک بحریہ اور پوری قوم کو مبارکباد دی ہے۔


