5 سال کے دوران اغواء ہونے والی 824 خواتین کا تاحال سراغ نہ مل سکا

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)شہرمیں گزشتہ پانچ سال کےدوران اغواء ہونےوالی سینکڑوں خواتین کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔تفصیلات کے مطابق سال 2021 سے 2025 کے دوران لاہور سے مجموعی طور پر 824 خواتین کے اغواء کے مقدمات مختلف تھانوں میں درج کیے گئے۔ تاہم ان کیسز میں تاحال کسی بڑی پیش رفت یا تمام مغوی خواتین کی بازیابی ممکن نہیں ہو سکی۔

پولیس ریکارڈ کے مطابق یہ تمام مقدمات شہرکےمختلف تھانوں میں درج ہیں، جبکہ تفتیشی عمل جاری ہونے کے باوجود بڑی تعداد میں کیسز حل طلب ہیں۔ذرائع کے مطابق بعض کیسز میں متاثرہ خاندانوں کی جانب سے بار بار درخواستوں اور فالو اپ کے باوجود مغوی خواتین کا سراغ لگانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

شہری و سماجی حلقوں نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ان مقدمات کی مؤثر تفتیش کی جائے اور مغوی خواتین کی بازیابی کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔پولیس حکام کی جانب سے تاحال اس اعداد و شمار اور کیسز کی موجودہ صورتحال پر کوئی تفصیلی بیان سامنے نہیں آیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں