اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) وزیراعظم شہباز شریف اور اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں خطے کی صورتحال اور امن و استحکام کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
تقریباً پچاس منٹ تک جاری رہنے والی اس گرمجوش اور دوستانہ گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں جاری کشیدگی اور امن کے فروغ کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر بات کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے 11 اور 12 اپریل 2026 کو اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں ایرانی اعلیٰ سطحی وفد کی شرکت کو سراہا۔ انہوں نے ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں وفد کے دورۂ اسلام آباد اور اہم ملاقاتوں کو بھی مثبت پیش رفت قرار دیا۔
گفتگو کے دوران وزیراعظم نے اپنی حالیہ سفارتی سرگرمیوں سے ایرانی صدر کو آگاہ کیا اور کہا کہ مختلف عالمی رہنماؤں سے رابطوں کے ذریعے خطے میں پائیدار امن کے لیے مکالمے اور سفارتکاری کے حق میں اتفاق رائے بڑھا ہے۔
وزیراعظم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورۂ تہران کے دوران ہونے والی ملاقاتوں کو بھی مفید قرار دیا اور کہا کہ پاکستان خطے میں امن و سلامتی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان کی قیادت خصوصاً وزیراعظم، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور آرمی چیف کی امن کے لیے کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے۔
وزیراعظم نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے نیک خواہشات اور احترام کا پیغام بھی پہنچایا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطوں اور قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔


