کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے میٹرک کے امتحانات میں ہونے والی بد انتظامی کے پیش نظر انٹربورڈ کے چیئر مین اور وزیر تعلیم سے مطالبہ کیا ہے کہ انٹرکے امتحانات میں شریک طلباء و طالبات کیلئے یہ وقت انتہائی اہم ہوتا ہے جب وہ اپنا مستقبل طے کرتے ہیں،ایسے موقع پر تمام سہولتوں اور انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔آفاق احمد نے کہا کہ اگرحکومت اور انٹر بورڈ کے کسی اقدام سے طلباء و طالبات کا مستقبل خطرے میں ڈالا گیا تو خاموش نہیں رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ میٹرک کے امتحانات میں گرلز سینٹرزمیں مرد افسران اور پولیس کی آمد و رفت نے طالبات کو ذہنی طور پراذیت میں مبتلا کیا۔انٹر کے امتحانات میں حکومت یقینی بنائے کہ کوئی مرد افسر یا پولیس اہلکار طالبات کے امتحانی مراکز میں داخل نہ ہواگر ضروری ہو توخواتین افسران کو بھیجا جائے۔آفاق احمد نے کارکنان کو بھی ہدایت کی کہ وہ امتحانی مراکز پر طلباء طالبات کے علاوہ انکے والدین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی کوشش کریں۔


