اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد زبیر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کو چار سال مکمل ہو چکے ہیں اور یہ کوئی معمولی عرصہ نہیں ہوتا، اس دوران کارکردگی کا واضح طور پر جائزہ لیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ علی پرویز کی جانب سے بار بار 70 سال کی بات کرنا دراصل ناکامی کا اعتراف ہے۔ محمد زبیر کے مطابق اس تمام صورتحال پر ایک تفصیلی وائٹ پیپر جاری کیا جا رہا ہے، جس میں بتایا جائے گا کہ کس طرح 10 اہم شعبوں میں تباہی مچائی گئی۔
محمد زبیر نے کہا کہ اپریل 2022 میں جب پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ختم ہوئی تو ملک کا مجموعی قرض 44 ہزار ارب روپے تھا، جبکہ آج ملک کا قرض بڑھ کر 81 ہزار ارب روپے تک پہنچ چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے چار سالہ دور میں 19 ہزار ارب روپے کا قرض بڑھا، جبکہ موجودہ حکومت کے چار سال میں 37 ہزار ارب روپے قرض میں اضافہ ہوا، جو معاشی بدانتظامی کا واضح ثبوت ہے۔
محمد زبیر کے مطابق وائٹ پیپر میں معیشت، گورننس اور دیگر اہم شعبوں میں ہونے والی ناکامیوں کی تفصیلات عوام کے سامنے رکھی جائیں گی۔


