اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)اسلام آباد میں سولر صارفین کے لیے ایک بڑی سہولت کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ حکومت نے 25 کلو واٹ اور اس سے کم صلاحیت کے سولر نیٹ میٹرنگ صارفین کے لیے لائسنس کی شرط ختم کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری کی خصوصی ہدایت پر پاور ڈویژن نے نیپرا سے باضابطہ درخواست کی تھی کہ 25 کلو واٹ اور اس سے کم نیٹ میٹرنگ رکھنے والے سولر صارفین کو لائسنس کی پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا جائے۔
نیشنل پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے پاور ڈویژن کی درخواست منظور کر لی، جس کے بعد نیٹ میٹرنگ کے حامل 25 کلو واٹ اور اس سے کم سولر صارفین کے لیے لائسنس کی شرط باضابطہ طور پر ختم کر دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق اس فیصلے سے گھریلو اور چھوٹے کمرشل سولر صارفین کو بڑا ریلیف ملے گا، جبکہ ملک میں قابلِ تجدید توانائی کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔


