تہران(ایچ آراین ڈبلیو)ایران کی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل محمد اکرمی نیا نے کہا ہے کہ ایران کی افواج مکمل طور پر تیار ہیں اور جنگ کو ختم تصور نہیں کیا جا رہا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق انہوں نے کہا کہ ہم نے جنگ کو کبھی ختم شدہ نہیں سمجھا۔ جس دن جنگ رکی اور میدان میں ایک طرح کی جنگ بندی یا خاموشی قائم ہوئی، اسی دن سے امریکا اور دیگر دشمنوں پر عدم اعتماد کے باعث جنگی سطح کی تیاری کو برقرار رکھا گیا اور نئے اہداف کا تعین بھی کر لیا گیا ہے۔
ترجمان ایرانی فوج کا کہنا تھا کہ دوبارہ جنگ کی صورت میں فیصلہ کن اور مؤثر جواب دیا جائے گا، کیونکہ تمام عسکری یونٹس ہر ممکن صورتحال کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنگ سے قبل انٹیلیجنس جائزوں کی بنیاد پر تمام یونٹس مکمل تیاری میں تھے اور دفاعی حکمتِ عملی کو مسلسل اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی خطرے کا بروقت اور مضبوط جواب دیا جا سکے۔


