ہیٹ ویو کے پیش نظر بلدیہ عظمیٰ کراچی کا ہسپتالوں میں خصوصی وارڈز قائم کرنے کا فیصلہ

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی میں گرمی کی شدت اور ممکنہ ہیٹ ویو کے پیش نظر بلدیہ عظمیٰ کراچی نے اپنے زیرِ انتظام ہسپتالوں میں خصوصی ہیٹ ویو وارڈز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مطابق میئر کراچی کی ہدایات پر شہریوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے یہ خصوصی وارڈز قائم کیے جائیں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ آنے والے دنوں میں گرمی میں مزید اضافے کا امکان ہے، جس کے باعث محکمہ میڈیکل کو تمام انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہیٹ ویو وارڈز میں نہ صرف ضروری طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی بلکہ مریضوں کے لیے ادویات کا بھی مکمل انتظام کیا جائے گا۔
بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مطابق شہریوں کو ہیٹ ویو سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر سے آگاہ کرنے کے لیے ہسپتالوں اور مرکزی شاہراہوں پر بینرز اور ڈسپلے بھی آویزاں کیے جائیں گے۔
ترجمان نے بتایا کہ ہیٹ ویو وارڈز سے متعلق کسی بھی قسم کی شکایت یا معلومات کے لیے شہری بلدیہ عظمیٰ کراچی کے کمپلینٹ سیل اور دیگر ہیلپ لائن نمبرز پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں