ایم کیو ایم پاکستان کا تنظیمی نظم و ضبط سے متعلق سخت سرکلر جاری

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پاکستان) نے عہدیداروں اور کارکنوں کے لیے تنظیمی نظم و ضبط کے حوالے سے اہم سرکلر جاری کر دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق پارٹی کا ہر کارکن اور ذمہ دار تنظیمی نظم و ضبط کا پابند ہے اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت تنظیمی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
سرکلر میں کہا گیا ہے کہ تمام تنظیمی اختیارات کا مرکز “مرکزِ تنظیم” ہے، جبکہ تنظیمی فیصلے مرکز کی منظوری سے مشروط ہوں گے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے مطابق تنظیم سے اخراج، معطلی یا کسی کو کام سے روکنے کے فیصلے بھی صرف مرکز کی منظوری سے کیے جا سکیں گے۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ سربراہِ تنظیم کی توثیق کے بغیر کوئی بھی فیصلہ قابلِ قبول نہیں ہوگا، جبکہ تنظیمی طریقہ کار سے ہٹ کر کیے گئے فیصلوں کی کوئی قانونی یا تنظیمی حیثیت نہیں ہوگی۔
مزید کہا گیا ہے کہ کسی بھی ذمہ دار کو ازخود یا اپنی مرضی سے فیصلے کرنے کا اختیار حاصل نہیں، اور تمام یونٹس اور ذمہ داران کو تنظیمی قواعد پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں