گراں فروشوں کے خلاف انتظامیہ کی کارروائیاں تیز، 154 دکانداروں پر جرمانے، دو دکانیں سیل

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)شہرمیں گراں فروشی کے خلاف کراچی انتظامیہ کی مہم جاری ہے جس کے دوران ایک روز میں 154 گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 3 لاکھ 83 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ دو دکانیں سیل کر دی گئیں۔
کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی ہے کہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے اور سرکاری نرخوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
کمشنر آفس کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے منگل کے روز امتحانی مراکز کے معائنہ اور تجاوزات کے خاتمے کے ساتھ ساتھ مختلف مقامات پر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کی جانچ بھی کی۔
رپورٹ کے مطابق ضلع وسطی میں 54 گراں فروشوں پر 1 لاکھ 4 ہزار روپے، ضلع شرقی میں 16 پر 56 ہزار روپے، ضلع کیماڑی میں 19 پر 31 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ دو دکانیں سیل کی گئیں۔
اسی طرح ضلع کورنگی میں 16 گراں فروشوں پر 46 ہزار روپے، ضلع ملیر میں 10 پر 35 ہزار روپے، ضلع جنوبی میں 32 پر 1 لاکھ 2 ہزار روپے اور ضلع غربی میں 7 گراں فروشوں پر 7 ہزار 800 روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
کمشنر کراچی نے کہا ہے کہ شہر میں سرکاری نرخوں پر سختی سے عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور منافع خوروں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں