کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)تھانہ بغدادی کے ایس ایچ او بابر حمید کی پیشہ ورانہ اور مؤثر کارکردگی کے باعث علاقے میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایچ او بابر حمید کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مربوط اور تسلسل کے ساتھ کارروائیاں کیں، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق علاقے میں اسٹریٹ کرائم، منشیات فروشی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا، جبکہ مشکوک افراد کی نگرانی اور سرچ آپریشنز کے ذریعے کئی ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا۔ پولیس کی جانب سے گشت کے نظام کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے، جس سے شہریوں میں تحفظ کا احساس بڑھا ہے۔
ایس ایچ او بابر حمید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں امن و امان کا قیام ان کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے تعاون کے بغیر جرائم کا مکمل خاتمہ ممکن نہیں، لہٰذا شہری مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔
علاقہ مکینوں اور تاجروں نے ایس ایچ او بغدادی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس کی مؤثر حکمت عملی کے باعث نہ صرف جرائم میں کمی آئی ہے بلکہ کاروباری سرگرمیوں میں بھی بہتری آئی ہے۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے فرض شناس افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ شہر میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر ہو سکے۔


